Jul ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی اتحاد کی ایک بار پھر وحشیانہ جارحیت

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے تعز میں وازعیہ کے علاقے پر شدید بمباری کی ہے جس میں کم از کم دو عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے تعز کے علاقے وازعیہ کو اپنی وحشیانہ جارحت کا نشانہ بنایا جس میں کم از کم دو عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کی جارح فوج نے اسی طرح صوبے صعدہ کے سرحدی شہر بام پر گولہ باری کی جس میں ایک شخص شہید ہو گیا۔

سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کےجواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بھی یمن کے صوبے البیضا کے علاقے التبہ الحمرا میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں اس جارح اتحاد کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے میڈیا سیل کی ایک رپورٹ کے مطابق صوبے مآرب کے علاقے صرواح میں جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں کے مقابلے میں یمن کی عوامی رضاکار فورس کی کارروائیوں میں فروری سے جون تک سعودی عرب کی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے تین سو باون فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے سعودی عرب کے ایک ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے سعودی عرب کے اس ڈرون طیارے کو صوبے صعدہ کے علاقے کتاف میں مار گرایا۔

قابل ذکر ہے کہ یمن کے مکمل محاصرے کے باوجود اس ملک کی فوج کی دفاعی توانائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، امریکہ و برطانیہ کی حمایت سے فوجی اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے غریب عرب اسلامی ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس میں دسیوں ہزار یمنی عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دیگر بے گھر ہو چکے ہیں اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو گئی ہیں اور مکمل محاصرے کی بنا پر اس ملک میں دواؤں اور غذائی اشیا کی شدید قلت ہے۔اس کے باوجود سعودی عرب اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیگس