انصاراللہ کے سربراہ کا پیغام عیدالاضحی
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عیدالاضحی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں امریکا اور غاصب صیہونی حکومت کی خوشنودی کے لئے نفاق اور خیانت میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ دینا چاہتی ہیں ۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے اس پیغام میں، یمنی قوم اور مسلمین عالم کو عیدالاضحی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے یمنی عوام کی مجاہدت اور جذبہ دفاع کو قابل تعریف بتایا ہے ۔انھوں اپنے ملک کے عوام سے کہا ہے کہ اس مبارک عید کے ایام میں بھی دفاع اور مجاہدت سے غافل نہ رہیں۔
انصاراللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ فوج اور یمنی عوام نے ملک کے مغربی ساحلی علاقے کو دشمنوں کی شکست کے میدان میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے جارح امریکی سعودی اتحاد کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی کے لئے امت اسلامیہ سے خیانت اور نفاق میں ایک دوسرے پر سبقت لےجانا چاہتی ہیں ۔
عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے پیغام میں یمنی عوام کے لئے کامیابی اور فتحمندی کی آرزو کے ساتھ خدا سے آل سعود سے انتقال لینے کی دعا بھی کی ہے کہ جس نےیمنی عوام کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں فریضہ حج سے بھی محروم کررکھا ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی عیدالاضحی کی مناسبت سے اپنے بیان میں یمنی عوام کو فریضہ حج سے محروم کرنے کے آل سعود کے اقدام کی مذمت کی۔انھوں نے کہا کہ ریاض کا یہ اقدام اسلامی تعلیمات کی صریحی خلاف ورزی ہے ۔
مہدی المشاط نے کہا کہ افسوس کہ وہ لوگ خودکو خادم الحرمین کہتے ہیں جو شعائر الہی سے ، سیاسی اہداف اور امت اسلامیہ میں تفرقے کے لئے استفادہ کررہے ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے اس بیان میں کہا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی جارحیت کی کمان امریکا کے ہاتھ میں ہے ۔انھوں نے یمن کی میزائلی توانائی کے بارے میں بھی کہا کہ یمن نے جنگی وسائل تیار کرنے کی ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے اور بیلسٹک میزائل سمیت اہم دفاعی اسلحے خود تیار کررہا ہے۔