سعودی جارحیت کا مختلف طریقوں سے جواب دینے پر تاکید
یمن کی فوج نے کہا ہے کہ اس کے پاس سعودی جارحیت کا جواب دینے کے لئے بے شمار راستے اور طریقے موجود ہیں۔
یمن کی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمن کی فوج کے پاس سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں کا جواب دینے کے لئے بہت سے راستے اور طریقے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن اس وقت استقامت کے نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فوج کے ڈرون ، میزائلی اور سمندری حملوں میں جارح قوتوں کے مظالم کے اعتبار سے اضافہ کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ یمنی فوج کے ایک ڈرون طیارے نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب سعودی عرب کے جنوب میں سعودی فوج اور اس کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
یمنی فوج نے جارح سعودی فوج اور اس کے اتحادیوں کے مقابلے میں اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ اگست کے مہینے میں چھے سو چوہتر سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو ہلاک اور زخمی کیا گیا۔
سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، امریکہ اور چند دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ اور مشرق وسطی کے اس غریب اسلامی ملک کا زمینی، سمندری، اور فضائی محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جنگ پسندی کے نتیجے میں اب تک چودہ ہزار سے زائد یمنی شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
آل سعودحکومت کی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے یمن میں اشیائے خودر و نوش، ایندھن اور دواؤں کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے باعث عام شہریوں کو طرح طرح کی بیماریوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔