Sep ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • عراق: کربلائے معلی میں 30 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی خدمات

نواسہ رسوۖ اور آپ کے اصحاب باوفا سے عقیدت رکھنے والے زائرین کی حفاظت کے لئے تیس ہزار سیکورٹی اہلکار اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل فرات آپریشنل کمانڈر قیس المحمدوای نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زیرکمان فوجی یونٹوں نے اس سال کافی جلد اپنی سرگرمیاں شروع کر دیں اور مختلف علاقوں میں یونٹوں کی ذمہ داریوں کو تقسیم کر دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں تلاشی و حفاظتی اقدامات تیزی کے ساتھ شروع کر دیئے گئے اور اس وقت عراقی سیکورٹی فورسیز منجملہ فوج، پولیس فورس، سرحدی فورس اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

دریں اثنا زائرین کو خدمات پیش کرنے کے لئے خیموں کی فراہمی کے علاوہ رضاکارانہ طور پر خدمات پیش کرنے والے افراد اور حضرت امام حسین اور حضرت ابوالفضل العباس علیہماالسلام کی مقدس بارگاہوں کے خادم یکجا ہو گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال بھی عراق کے مختلف صوبوں اور مختلف عرب اور اسلامی ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران اور اسی طرح پاکستان، ہندوستان، لبنان کے زائرین کی ایک بڑی تعداد یوم عاشورہ کی مناسبت سے کربلائے معلی پہنچ گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کربلائے معلی میں عاشورہ کے موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ عزادار شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوتے ہیں۔

ٹیگس