Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۱ Asia/Tehran
  • امت مسلمہ میں تنازعات مسلم ممالک کی کمزوری کا باعث

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک کے مابین بہتر تعلقات کی برقراری پر تاکید کی۔

دورہ سعودی عرب کے دوران عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لیبیا، افغانستان، شام اور دیگر اسلامی ممالک میں تنازعات نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ امت مسلمہ میں تنازعات نے ہم سب کو کمزور کیا ہے اور ان تنازعات کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے، پاکستان مسلم ممالک میں تنازعات ختم کرنے اور مفاہمت پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یمن کا تنازع ختم کرانے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کار کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران پڑوسی ہے، یقیناً تمام پڑوسیوں سے اچھے تعلقات ہونے چاہیں، افغانستان اور ہندوستان سے بھی اچھے تعلقات کی خواہش دہرائی اور کہا کہ دونوں ممالک کو دوستانہ تعلقات کی پیشکش کی ہے۔

قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی فرمانروا شاہ سلمان، اعلیٰ سعودی حکام اوراسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ معاشی تعلقات،باہمی دلچسپی کے امور، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی تعاون میں مزید وسعت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس