یمن میں الحدیدہ پر سعودی عرب کی شدید بمباری
جارح امریکی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے جواب میں یمنی فوج کے جوانوں نے سعودی فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
جارح امریکی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔ یمنی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق سعودی اتحاد کی اس بمباری میں الحدیدہ میں کئی یمنی عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے بھی امریکی سعودی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں واقع سعودی فوج ایک ٹھکانے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران میں واقع سعودی فوج ایک ٹھکانے کو بدر ایک میزائل سے نشانہ بنایا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکر فورس کے جوانوں کا کہنا ہے کہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگا جس میں متعدد سعودی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے اور جیزان کے ایرپورٹ کو خاصا نقصان پہنچا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے اسی طرح یمن کے صوبے البیضا میں سعودی اتحادی کے فوجی مرکز پر حملہ کیا جس میں کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج نے مغربی ساحل پر واقع صوبے الحدیدہ کے علاقے الدریہمی میں سعودی اتحاد کی تین بکتربند گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا۔
سعودی عرب سے ملے سرحدی علاقوں میں بھی یمنی فوج نے سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ یمن سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ جنوبی یمن میں عدن بندرگاہ پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدن کی سڑکوں پر مظاہرین نے وسیع پیمانے پر اتجاج کرتے ہوئے یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیا اور تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں یمن کی بنیادی تنصیبات تباہ اور معیشت بدحال ہونے کے علاوہ دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ دیگر بے گھر ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یمن کے تمام تر فوجی محاصرے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی و فوجی توانائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور وہ سعودی اتحاد کی جارحیت کا مسلسل منھ توڑ جواب دے رہی ہیں اور خود جنوبی سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں فوجی و صنعتی ٹھکانوں کو جوابی حملوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔واضح رہے کہ سعودی اتحاد یمن کو فوجی جارحیت کا مسلسل نشانہ بنا رہا ہے اور تین سال سے بھی زائد عرصہ گذر جانے کے باوجود یہ اتحاد یمن میں اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔