یمن کے بارے میں عالمی ریڈ کراس کا انتباہ
عالمی ریڈ کراس سوسائٹی نے یمن کے بارے میں سخت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حملوں کی وجہ سے اس ملک میں انسانی صورت حال روز بروز بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکا فورس کے جوانوں نے تعز اور جیزان میں واقع سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں اور اہم مراکز کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کے ترجمان عدنان حزام نے المیادین ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حملوں کے نتیجے میں بنیادی تنصیبات کو سخت نقصان پہنچا ہے اور اس ملک میں انسانی صورت حال تیزی سے ابتری کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی اقتصادی صورت حال بھی انتہائی افسوسناک ہے اور لاکھوں عام شہریوں کو فوری طور پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
یہاں اس بات کی یاد دہانی ضروری ہے کہ سعودی عرب نے مارچ دو ہزار پندرہ سے امریکہ کی حمایت اور متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
مشرق وسطی کے اس غریب اسلامی ملک پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں چودہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ نے مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن میں غذائی اشیا اور دواؤں کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور ہیضے سمیت مختلف قسم کی بیماری پھیلنا شروع ہو گئی ہیں۔
یمنی فوج اور عوام کی مزاحمت اور استقامت کے نتیجے میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی، یمن میں تمام تر وحشیانہ اقدامات اور جنگی جرائم کے ارتکاب کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سعودی جارحیت کے جواب میں صوبہ تعز میں سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر زبردست حملے کیے ہیں۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ تعز کے صلو سیکٹر پر شدید حملے کر کے سعودی اتحاد کے درجنوں فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کر دیا۔
اس محاذ پر سعودی اتحاد اور اس کے کرائے کے فوجیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ان کے متعدد مورچے تہس نہس ہو گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں واقع ایم بی سی کی پہاڑیوں اور العمودہ نامی فوجی اڈے پر شدید گولہ باری کی۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں سعودی فوجیوں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے گنجان آبادی والے ایک گاؤں شدا پر گولہ باری کی۔ سعودی فوج کے حملے میں ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔