یمن کی جانب سے سعودی جارحیت کا منھ توڑ جواب
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر میزائل حملہ کر کے انھیں بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکا فورس کے جوانوں نے سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں واقع الخوبہ اور المنتزہ کے علاقوں میں بدھ کی رات سعودی فوجی ٹھکانوں کو زلزال ایک قسم کے چار میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکا فورس کے جوانوں کی جانب سے داغے جانے والے یہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگے اور ان فوجی ٹھکانوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکا فورس نے بدھ کے روز جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں علب گذرگاہ کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا اور فوجی ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی۔ اس کارروائی میں سعودی فوجی ٹھکانوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے یمن کے مکمل محاصرے کے باوجود سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں یمنی فوج کی دفاعی توانائی میں مسلسل اضافہ ہو تا جا رہا ہے اور جوابی کارروائی کے طور پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے جنوبی سعودی عرب کے مختلف صوبوں کے مختلف علاقوں میں قائم سعودی فوجی ٹھکانوں پر شدید حملے کئے جا رہے ہیں اور یمن جنگ کا دائرہ جنوبی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات تک پھیل چکا ہے۔
یہاں اس بات کی یاد دہانی ضروری ہے کہ سعودی عرب نے مارچ دو ہزار پندرہ سے امریکہ کی حمایت اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مل یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
مشرق وسطی کے اس غریب اسلامی ملک پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں چودہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ نے مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں یمن میں غذائی اشیا اور دواؤں کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور ہیضے سے سمیت مختلف قسم کی بیماری پھیلنا شروع ہو گئی ہیں۔
یمنی فوج اور عوام کی مزاحمت اور استقامت کے نتیجے میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی، یمن میں تمام تر وحشیانہ اقدامات اور جنگی جرائم کے ارتکاب کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔