Nov ۲۳, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • خاشقجی قتل: محمد بن سلمان کی ریکارڈنگ سی آئی اے کے پاس

سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ خاشقجی کے قتل کے لئے سعودی ولی عہد کو ہٹانے کا مطالبہ ایک ڈیڈ لائن ہے۔

ترک اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی کے پاس سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی کال کی ریکارڈنگ موجود ہے جس میں وہ صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرنے کا حکم دے رہے ہیں۔

حریت ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق اس کے کالم نگار عبدالقادر سیلوی نے اپنے کالم میں لکھا کہ سینٹرل انوسیٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کی ڈائریکٹر گینا گیسپل نے گزشتہ ماہ ترکی کے دورے کے دوران محمد بن سلمان اور ان کے بھائی کی فون کال کی ریکارڈنگ کی موجودگی کا عندیہ دیا تھا۔

انہوں نے اپنے ذرائع کا نام بتائے بغیر کہا کہ سعودی عرب کے دو عہدیداران کو سی آئی اے کی ریکارڈنگ میں گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس کا موضوع جمال خاشقجی اور ان کی سعودی بادشاہت پر تنقید سے پیدا ہونے والے مسائل ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اس کال کے دوران محمد بن سلمان نے جمال خاشقجی کو جلد از جلد خاموش کرنے کی ہدایات جاری کیں اور یہ ہدایات سی آئی اے کے وائر ٹیپ میں ریکارڈ ہو گئی، اس کے بعد فوری قتل سے ان ہدایات کی تصدیق ہو گئی۔

عبدالقادر نے کہا کہ اگر قتل کی شفاف تحقیقات کی گئیں تو اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے حقائق سب کو دنگ کر دیں گے کیونکہ سی آئی اے کے پاس لوگوں کی توقع سے کہیں زیادہ ریکارڈنگ موجود ہیں۔

اس سے قبل 19نومبر کو لکھے گئے اپنے کالم میں عبدالقادر سیلوی نے قتل کے محرکات کا انکشاف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ خاشقجی کو قتل کرنے والوں نے صحافی کو مجبور کیا کہ وہ سعودی ولی عہد کی غیراعلانیہ حراست میں موجود ان کے بیٹے کو ایک پیغام بھیجیں لیکن واشنگٹن پوسٹ کے صحافی نے اس سے انکار کیا جس کے نتیجے میں وہاں ہٹ اسکواڈ کے اراکین کا ان سے جھگڑا ہو گیا اور انہوں نے صحافی کو رسی یا پلاسٹک بیگ سے گلا گھونٹ کر ماردیا۔

سعودی عرب نے 15نومبر کو خاشقجی کے جرم میں 11 مشتبہ افراد پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے پانچ افراد کو سزائے موت دینے کی سفارش کی تھی۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی ملوث ہوئے، تو بھی وہ اتحادی ملک سعودی عرب کا ساتھ دیں گے۔

خاشقجی کی لاش ابھی تک ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کی گئی اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ہٹ اسکواڈ نے کسی کیمیائی مادے میں ان کو ڈال کر گلا دیا تھا۔

ٹیگس