فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ، درجنوں زخمی
فلسطینیوں کے ہفتہ وار واپسی مارچ پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطین ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے رام اللہ اور البیرہ کے علاقے میں پرامن واپسی مارچ میں شریک فلسطینیوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے پرامن اور نہتے فلسطینیوں پراندھادھند گولیاں چلائیں، صوتی بم پھینکے اور اشک آور گیس کا بے تحاشہ استعمال کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق مشرقی رام اللہ کے شہریوں نے اسرائیل کی جانب سے ضبط کی جانے والی زمینوں پر نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد صیہونی فوجیوں نے ان پر حملہ کر دیا۔
دوسری جانب غزہ کے عوام نے اس جمعے کو بھی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب واپسی مارچ کیا۔ واپسی مارچ کے شرکا پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں بھی درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خـبر ہے۔
درایں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رکن اسماعیل رضوان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو فلسطینی کاز کی پشت پر خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے۔