بنگلہ دیش میں انتخابی مہم کے دوران سخت سکیورٹی
بنگلہ دیش میں 30دسمبر کے عام انتخابات کے پیش نظر ممکنہ پرتشدد واقعات سے نمٹنے کے لیے 20 ہزار سے زائد نیم فوجی دستے تعینات کردیئے گئے۔
حکمراں جماعت عوامی لیگ اور اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مابین انتخابی مہم کے دوران پرتشدد واقعات میں اب تک 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
بی این پی کا کہنا ہے کہ ان کے امیدوار اور حمایتیوں پر حکمراں جماعت کے کارکنوں نے حملہ کیا اور الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہو چکا ہے۔ بی این پی حکام نے بتایا کہ حکومتی کارکنوں کے حملوں میں تقریباً 4 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران 300 اپوزیشن امیدواروں میں سے 152 پر حملہ ہوا اور گزشتہ ماہ کے دوران 8 ہزار 732 کارکنوں سمیت 14 امیدواروں کو حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے عوامی لیگ کے 2 کارکنوں کو معمولی تکرار کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔