Dec ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • داعش کی افغانستان میں سرگرمی

افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش غیر ملکی فوجیوں کی نگرانی میں ملک کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں نئے ٹریننگ کیمپ قائم کر رہا ہے۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے سینیئرعہدیدار اور فوجی کمانڈر علی محمد احمد زیی نے کہا ہے کہ داعش گروہ تاجیکستان سے ملنے والی سرحدوں پر واقع افغان صوبوں بدخشاں اور تخار اور اسی طرح شمالی افغانستان کے صوبوں فاریاب اور جوزجان میں غیرملکی فوجیوں کی نگرانی میں ٹریننگ کیمپ لگا رہا ہے اور ان علاقوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسیع کرتا جا رہا ہے-

افغان وزارت دفاع کے مذکورہ عہدیدار نے ملک کے شمال میں داعش کے ٹھکانوں پر افغان فضائیہ کے حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے  باوجود داعش کے عناصر ابھی بھی شمالی علاقوں میں موجود ہیں-

افغان حکام نے بارہا اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم داعش گروہ کو بیرون ملک سے مالی اور اسلحہ جاتی امداد مل رہی ہے-

امریکا اور اس کے اتحادیوں نے دو ہزار ایک میں افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے بہانے اس ملک پر لشکر کشی کی تھی لیکن دہشت گردی کا نہ صرف خاتمہ نہیں ہوا بلکہ داعش جیسے خونخوار گروہ نے بھی افغانستان میں قدم رکھ دیئے ہیں۔

ٹیگس