مصر میں 40 دہشت گردوں کی ہلاکت
مصر کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دو صوبوں میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم چالیس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
مصر کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت قاہرہ کے قریب سیاحوں کی حامل ایک بس کے راستے میں ہونے والے دھماکے کے بعد مصری سیکورٹی اہلکاروں نے شمالی سینا اور جیزہ میں دہشت گردوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں انجام دیں اور چالیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
اہرام مصر نامی علاقے میں سیاحوں کی حامل بس کے راستے میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ دھماکے میں ویتنام کے تین سیاح اور ان کا قافلہ سالار ہلاک ہو گیا۔ اس سے قبل اس واقعے میں دو افراد کے ہلاک اور بارہ دیگر کے زخمی ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس بس میں چودہ سیاح سوار تھے۔
ابھی تک کسی نے اس دہشت گردانہ دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ مصر میں محمد مرسی کی حکومت کے سقوط کر جانے کے بعد سے دہشت گردانہ حملوں اور بدامنی کے واقعات میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔