لڑاو اور حکومت کرو امریکہ کی پالیسی: سنی تحریک
پاکستان سنی تحریک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سمیت بعض اسلامی ممالک نے امت مسلمہ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
پاکستان سنی تحریک خیبر پختونخوا کے سربراہ محمد انعام الحق قادری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں شکست ہوچکی ہے، اب وہ باعزت راستہ تلاش کر رہا ہے، جس پاکستان کو امریکہ آئے روز الزامات کا نشانہ بناتا تھا، آج اسی پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے۔ لہذا امریکہ تو واقعی افغانستان سے شکست کھا چکا ہے۔
انعام الحق قادری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ آور ہوکر ظلم کیا، اس سعودی فوجی اتحاد کو فلسطین اور کشمیر نظر کیوں نہیں آئی، کیا یمن میں دہشتگرد بیٹھے ہوئے ہیں؟ سعودی عرب کی یہ پالیسی انتہائی غلط ہے، سعودی انتظامیہ کو دیکھنا چاہیئے کہ یہ ظلم ہونے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ میں مزید تقسیم کا باعث بن رہا ہے۔ اسلامی ممالک کی فوج کو مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر حرکت میں آنا چاہیئے، نہ کہ الٹا مسلمانوں کے قتل عام کے لئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ مسئلہ حل کرانے کیلئے قدم اٹھانا چاہیئے، او آئی سی اس حوالے سے اچھا رول ادا کرسکتی تھی، لیکن افسوس کہ مسلم ممالک کی ترجیحات ہی آج کل کچھ اور ہیں۔ اور یہ سارا کھیل امریکہ کا بنایا ہوا ہے، مسلمان ممالک ان کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں مسلمانوں کو ایک ہو جانا چاہئیے اس لئے کہ مسلمانوں کے اختلافات نے کئی جانیں لے لی ہیں مسلم حکمرانوں کو امریکہ اور اسرائیل کا آلہ کار نہیں بننا چاہئیے اگر مسلمان متحد ہو گئے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔