Mar ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد یمنیوں پر پانچ لاکھ میزائل اور بم برسا چکا ہے

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد نے پچھلے چار سال کے دوران یمنی عوام پر پانچ لاکھ میزائل اور بم برسائے ہیں۔

یمن پرسعودی جارحیت کے چار سال پورے ہونے کے موقع پر تیار کی جانے والے رپورٹ پیش کرتے ہوئے یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سال کے دوران یمن کے خلاف ڈھائی ہزار سے زائد بار حملے کیے گئے ہیں جس کے دوران مختلف اقسام کے پانچ لاکھ میزائل اور بم برسائے گئے۔

یحی السریع نے سعودی اتحاد کی جانب سے ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اتحاد نے چار سال سے جاری جنگ کے دوران یمنی عوام کے خلاف چھے ہزار سے زائد کلسٹر بم بھی استعمال کیے ہیں۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سعودی اتحاد نے جنگ یمن میں امریکہ اور برطانیہ کے فراہم کردہ کلسٹر بموں کا استعمال ایسے وقت میں کیا ہے جب سن دوہزار آٹھ کے عالمی کنونشن کے تحت جنگوں میں ایسے بموں کے استعمال پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ ایک بار پھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر مغربی صوبے الحدیدہ میں بھرپور جنگ چھیڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ انٹیلی جینس اطلاعات نیز امریکہ اور برطانیہ کی وزارت خارجہ کے اعلی عہدیداروں کے بیانات سے بھی ان ملکوں کے ناپاک عزائم کی بخوبی نشاندھی ہوتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بر طانیہ کے وزیر دفاع مارک لنکسٹر نے حال میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ برطانوی وزارت دفاع کے دو سو بیاسی اہلکار سعودی عرب کی مسلح افواج کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹاک ہوم امن سمجھوتے کی بنیاد پر اٹھارہ دسمبر سے شہر الحدیدہ میں فائربندی کے سمجھوتے کا نفاذ عمل میں آیا ہے تاہم سعودی اتحاد نے اب تک اس سمجھوتے پرعمل نہیں کیا ہے۔سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے۔

سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتربنیادی تنصیبات، اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کر دیا ہے اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔

 

ٹیگس