پاکستان کے وزیراعظم کے بیان پر افغانستان کا ردعمل
پاکستان کےوزیراعظم کے بیان پر افغانستان نے پاکستان سے اپنا سفیر واپس بلالیا
پاکستان کےوزیراعظم عمران خان کا کابل میں نگراں حکومت تشکیل دینے کی تجویز کو افغانستان نےغیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا اورافغان حکومت نے اس معاملے پر وضاحت کے لیے افغانستان میں پاکستان کے نائب سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان صبغت اللہ احمدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیان سے پاکستان کی مداخلتی پالیسی ثابت ہوتی ہے اور یہ افغانستان کی خودمختاری پر حملہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان حکومت امن مرحلے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور ان کا طالبان سے براہ راست مذاکرات کا مطالبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے افغان حکومت کے اعتراضات کے پیش نظر طالبان رہنماؤں سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ جب کابل نے پاکستان سے امن مذاکرات پر اظہار خیال پر جواب طلب کیا جس کی وجہ سے پڑوسی ممالک میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔
امریکا اور طالبان حکومت میں 17 سال تک جاری جنگ کے بعد مذاکرات ہورہے ہیں تاہم طالبان نے اشرف غنی کی قیادت میں افغان حکومت کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔