Apr ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • شب برأت انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

شب برات جو شعبان المعظم کی پندرہویں شب میں منائی جاتی ہے یہ شب آسمان امامت و ولایت کے چودہویں درخشاں ستارے اور بارہویں امام فرزند رسول خدا (ص) مہدی موعود حضرت امام زمانہ (عج) کی ولادت باسعادت کی مبارک شب ہے۔

شب برات کے موقع پر ایران، پاکستان،ہندوستان، عراق ،لبنان ،شام اور دنیا کے دیگر ممالک کی مساجد اور امام بارگاہوں میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا، اور فرزندان اسلام ساری رات عبادت اور خدا سے راز و نیاز میں مصروف رہے۔ اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، حسن قرات، حمد و نعت اور درود وسلام کی روح پرور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی دانشوروں نے شب برات کی فضیلت اور امت مسلمہ کے لئے اس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ولادت باسعادت حضرت امام زمانہ (عج) اور شب برات کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی مساہجد، امام بارگاہوں،مقدس مقامات اور سڑکوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا تھا، چراغانی کی گئی تھی اور جگہ جگہ شربت اور شیرینی تقسیم کی جا رہی تھی۔

شب برأت کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا گیا ہے۔ شب برأت دراصل اس عزم و عہد کی رات ہے جب بندہ اللہ سے مغفرت طلب کرکے گناہوں کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دینے کا عزم و عہد کرتا ہے۔ اس بابرکت رات میں اہل ایمان رب کائنات کے حضور سربسجود ہو کر توبہ و استغفار، اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت اور صحت و تندرستی کے لئے دعائیں مانگتے ہیں۔

 

ٹیگس