افغانستان، پاکستان سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں
صدر اشرف غنی نے 175 طالبان کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے مشروط جنگ بندی کا عندیہ دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے عظیم مشاورتی جرگہ برائے امن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن کے بعد پاکستان سے تجارتی تعلقات میں مزید بہتری آنے کی امید ہے، ہمسایہ برادر ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان سے دوطرفہ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر افغان صدر نے افغان امن مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کرنے والے ممالک کا نام لے کر شکریہ ادا کیا اور طالبان سے بیرون ملک کے بجائے افغان سرزمین میں مذاکرات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر طالبان مثبت ردعمل کی یقین دہانی کرائے تو افغان حکومت جنگ بندی کے لیے تیار ہے اورطالبان کو ملک کی ترقی کے لیے کام کرنے کے لیے گراؤنڈ دینے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر افغان صدر نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 175 طالبان کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کابل یا کسی بھی صوبے میں اپنا وفد بھیجے اور رہا کیے گئے طالبان کو اپنے ہمراہ لے جائیں۔