May ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  •  صدر ایران اور اسییکر پارلیمنٹ کی اسلامی ملکوں کے رہنماؤں کو رمضان کی مبارک باد

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے نام ماہ رمضان المبارک کی آمد پر مبارک باد پیش کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران  کے صدر حسن روحانی نے اپنے پیغام میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں امت مسلمہ کی سربلندی اور کامیابی کے لئے دعا کی۔

انہوں نے مسلم حکمرانوں پر زور دیا  کہ وہ ماہ رمضان کی رحمت و برکت کے طفیل امن اور اسلامی بھائی چارے کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں مسلمان قرآن پاک کی تعلیمات کے ذریعے اللہ کی بندگی اور اسلامی اخوت کی راہ پر گامزن اور اس مہینے کی برکت سے دنیا میں پائیدار امن و سلامتی کے لئے فضا قائم کریں گے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی اسلامی ملکوں کے پارلیمانی اسپیکروں کے نام اپنے پیغام میں الہی رحمت و برکت کے مہینے رمضان المبارک کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان، مسلمانوں میں ہمدلی اور یکجہتی ہم آواز ہونے کا بہترین مہینہ ہے اور امید کی جاتی ہے کہ اس مبارک مہینے کی برکت سے اسلامی ملکوں اور مسلمانوں میں تعاون و یکجہتی اور تعلقات کے فروغ کا نیا باب کھلے گا۔

واضح رہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، ہندوستان اور عراق سمیت کئی ممالک میں پہلا روزہ ہے۔

ٹیگس