یمنی فورسز کا سعودی عرب کے ملک عبداللہ ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
یمنی فورسز اور قبائل نے سعودی عرب کے علاقےجیزان میں ملک عبداللہ ایئرپورٹ پر فوجی تنصیبات کو ڈرون حملے کے ذریعہ نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمنی فورسز اور قبائل نے قاصف 2 ڈرون کے ذریعہ جیزان کے ملک عبداللہ ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فورسز اس سے قبل نجران کے ایئر پورٹ کو بھی نشانہ بنا چکی ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واس نے ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ 2 ہفتے میں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خیال رہے کہ نجران کا علاقہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے 8 سو 40 کلومیٹر کے فاصلے پر قائم ہے اور اس علاقے کی سرحدیں یمن سے ملتی ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں یمنی سرکاری فوج نے ریاض کے قریب تیل کی پائپ لائن کو حملے کا نشانہ بنایا تھا۔
سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔
یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔
سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کردیا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔