سعودی عرب کی پسپائی قطرکو اجلاس میں شرکت کی دعوت
سعودی عرب نے باالاخر اپنے موقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے قطر کو ہنگامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے خطے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے جس میں علاقے اور ایران،امریکی کشیدگی کے بعد خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں اور عرب لیگ کے اراکین کو 30 مئی کو مکہ میں ہنگامی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کا کہنا تھا کہ قطر کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی لیکن بعد میں سعودی عرب نے اپنے موقف سے پسپائی اختیار کرتے ہوئے قطرکو اجلاس میں شرکت کی دعوت۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر کو دعوت دینے کی ایک وجہ ایران کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قطر سے مدد لینا ہے اور اسی وجہ سے سعودی عرب نے قطر کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت خلیج فارس کےچند ممالک نے جون 2017 میں قطر سے سفارتی قطع تعلق کرتے ہوئے تمام تعلقات معطل کیا تھا اور قطری شہریوں کے داخلے پربھی پابندی عائد کی تھی اور قطر پر سعودی عرب کی اطاعت کرنے پر دباو ڈالا تھا تاہم قطر نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہرگزسعودی عرب کے سامنے نہیں جھکے گا اوراپنے قومی مفادات پرسعودی مفادات کو ترجیح نہیں دےگا۔