Jun ۰۵, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کا حملہ

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف صوبوں منجملہ صعدہ اور حجہ میں رہائشی علاقوں کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صعدہ اور حجہ میں رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملے میں عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد زخمی ہو گئی جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا۔دریں اثنا یمن کی قومی حکومت کے پانی کے امور کے وزیر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے الحدیدہ میں پانی کے الزباریہ پمپنگ اسٹیشن پر شدید بمباری کی۔الزباریہ سے مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ کے اسّی فیصد لوگوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

سعودی اتحاد کی اس وحشیانہ جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر کے علاقے الربوعہ میں فوجی ٹھکانوں کو زلزال ایک قسم کے میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میزائل حملے میں سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران میں بھی کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحاد کی کئی فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا جبکہ الربوعہ کے علاقے میں سعودی اتحاد کی فوجی پیش قدمی کو روک دیا۔یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دیئے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب جنگ کا دائرہ جنوبی سعودی عرب تک وسیع پیمانے پر پھیل چکا ہے جہاں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں کو مسلسل جوابی حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان حملوں میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔

ٹیگس