عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی سرگرمیاں ممنوع :عراقی وزیر اعظم
Jun ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۵ Asia/Tehran
عراق کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی سرگرمیاں عراق کی حکومت کی اجازت کے بغیر ممنوع ہیں۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمهدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق کی حکومت علاقائی یا علاقے سے باہر کے کسی بھی ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ وہ عراق کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرے۔
عراق کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بغداد کسی بھی طور کسی بھی عراقی یا غیر ملکی مسلح گروہ کو مسلح افواج کے دائرے سے ہٹ کر سرگرمیوں اور ہتھیاراکٹھا کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔
عراق کی پارلیمنٹ کے بعض نمائندوں نے عراق میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی اور تعیناتی کو ممنوع قرار دینے سے متعلق قانون کی منظوری کا مطالبہ کیا تھا۔