بغداد میں دہشت گردانہ حملہ دسیوں نمازی شہید اور زخمی
Jun ۲۱, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۲ Asia/Tehran
عراقی دارالحکومت بغداد کے مشرقی محلے کی ایک مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم سے کم دس افراد شہید اور تیس دیگر زخمی ہوگئے۔
العالم ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ جمعے کو بغداد کے مشرقی علاقے میں واقع مسجد امام المنتظر میں ایک خوفناک خودکش دھماکے میں کم سے کم دس افراد شہید اور تیس دیگر زخمی ہوگئے۔ بغداد میں سیکورٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک خود کش دہشت گردانہ حملہ تھا جو نماز جمعہ کے موقع پر کیا گیا۔ابھی تک کسی گروہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کی شکست کے باوجود ابھی بھی داعش کے باقی بچے عناصر ملک کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جو وقفے وقفے سے عام شہریوں کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔