افغانستان میں طالبان کے حملے میں 30 افراد ہلاک
افغانستان میں طالبان نے ایک گاؤں پر حملہ کرکے 30 افراد کو ہلاک کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے صوبے بغلان کے ضلع نہرن کے ایک گاؤں پر حملہ کردیا، حکومت کے حمایت یافتہ گروہ اور طالبان کے درمیان 6 گھنٹے تک گھمسان کی جنگ جاری رہی جس کے نتیجے میں حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ کے 30 اراکین مارے گئے۔
حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ طالبان کے خلاف افغان سیکیورٹی فورسز کی مدد و معاونت کے لیے تشکیل دیا گیا ہے جس نے اب تک افغان فوج کے ہمراہ طالبان کیخلاف کئی کامیاب آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ اس گروہ میں افغان قبائل کے سردار بھی شامل ہیں۔
افغان حکومت کی جانب سے طالبان حملے میں حکومتی حمایت یافتہ گروہ کے اراکین کے قتل پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، دوسری جانب طالبان ترجمان نے کہا ہےکہ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ بھی ملاہے۔