بنگلادیش، وزیراعظم پر حملے کے الزام میں 9 افراد کو سزائے موت
بنگلادیشی عدالت نے وزیراعظم حسینہ واجد پر حملے کے الزام میں اپوزیشن کے 9 افراد کو سزائے موت اور 25 کو عمر قید کی سنا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر 1992 کے ٹرین حملے کے الزام میں عدالت نے اپوزیشن کے 9 رہنماؤں کو سزائے موت اور 25 کو عمرقید کی سزا سنا دی۔
خیال رہے کہ 23 ستمبر 1992 کو اس وقت کی اپوزیشن لیڈر شیخ حسینہ واجد ٹرین کے ذریعے سفر کر رہی تھیں کہ ان پر پکشی ریلوے اسٹیشن پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں حملہ آوروں نے براہ راست فائرنگ کی اور ٹرین پر دستی بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم شیخ حسینہ واجد حملے میں بچ گئی تھیں۔
دوسری جانب سابقہ وزیراعظم اور اس وقت کی اپوزیشن کی رہنما خالدہ ضیا نے عدالتی فیصلے کو رد کرتے ہوئے اسے سیاسی فیصلہ قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد پر اب تک تقریباً 19 حملے ہوچکے ہیں تاہم تمام حملوں میں وہ جان بچانے میں کامیاب رہیں۔