Aug ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • حزب اللہ نے اسرائیلی جاسوس طیارے مار گرائے ( تفصیلی خبر)

حزب اللہ لبنان کے ایئر ڈیفینس یونٹ نے اسرائیل کے دو جاسوس طیاروں کو جنوبی بیروت میں مار گرایا ہے۔

العالم چینل کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے اینٹی ایئر کرافٹ یونٹ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے ضاحیہ میں صیہونی ٹولے کے دو جاسوسی ڈرون طیاروں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق شام میں حملے کرنے کے چند گھنٹے بعد صیہونی ٹولے نے لبنانی سرحدوں کے اندر اپنے ڈرون بھیجے تھے۔
غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان کی آبی زمینی اور فضائی سرحدوں میں در اندازی ہوتی رہتی ہے اور کبھی صیہونی فوج شام پر حملہ کرنے کے لئے لبنان کے فضائی حدود کو بھی استعمال کرتی ہے۔
ادھر لبنان کے وزیر خارجہ نے حزب اللہ کو اپنے ملک کی یکجہتی اور استحکام کا ستون قرار دیا ہے۔ 
 یورو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لبنان کے وزیر خارجہ جبران باسیل کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کے خلاف امریکی الزمات بے بنیاد اور قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنانی سماج کا عظیم حصہ ہے اور  لبنان نیشنل موومنٹ اور حزب اللہ کے درمیان مستحکم تعلقات ملکی یکجہتی اور اتحاد کی ضمانت ہیں۔ 
 لبنان کے وزیر خارجہ اس سے پہلے بھی حزب اللہ کے خلاف امریکی اقدامات اور الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ لبنان کی حکومت نے حزب اللہ کے تعاون سے ملک کو صہیونی اور دہشت گردوں کے خطرات سے محفوط بنایا ہے۔ 
درایں اثنا حزب اللہ کی مجلس عاملہ کے رکن شیخ نبیل قاووق نے صدر مشیل عون کی جانب سے حزب اللہ کی ٹھوس حمایت کی قدردانی کی ہے۔ شیخ نبیل قاووق کا کہنا تھا کہ صدر میشل عون کی بھرپور حمایت کے نتیجے میں فوج، عوام اور حزب اللہ کا ٹرائیکا وجود میں آیا جس نے مل کر جرود عرسال اور راس بعلبک سے دہشت گردوں کی بیخ کنی میں اہم کردار ادا کیا۔ 
 قابل ذکر ہے کہ لبنانی فوج، عوام اور حزب اللہ کے ٹرائیکا نے چھبیس اگست دوہزار سترہ کو جردوعرسال کو داعشی تکفیری دہشت گروں کے قبضے سے آزاد کرایا تھا جبکہ سن دوہزار میں اسی دن جنوبی لبنان بھی اسرائیل کے قبضے سے آزاد ہوا تھا۔ 

ٹیگس