Sep ۰۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کا جوابی حملہ، اسرائیلی بکتربند گاڑی اور میزائل  کی خصوصیت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ

فلسطین الیوم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے حملہ کرکے جس اسرائیلی بکتر بند گاڑی کو تباہ کیا ہے اسے رفائل کمپنی نے اسرائیل کے لئے بنایا تھا۔

اس فوجی بکتربند گاڑی کا نام ولف ہے، یہ 325 ہارس پاور کے چھ لیٹر انجنوں سے لیس ہے۔ اس کا وزن آٹھ ٹن ہے اور اس میں پانچ گیئر والا آٹومیٹک گیئر باکس سسٹم بھی ہے۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ولف نامی اس بکتربند گاڑی میں ایک باہری شیڈ ہوتا ہے جو ڈرائیور، اس میں سوار افراد اور ٹائرز کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ شیڈ گاڑی کی باڈی سے الگ آزادانہ طور پر کام کرتا ہے اور اگر گاڑی استعمال میں نہیں ہے تو اسے دوسری گاڑی پر بھی نصب کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ولف ایسی بکتربند گاڑی ہے  جو ٹائرز سمیت ہر طرف سے محفوظ ہوتی ہے۔ اس میں چھ دروازے ہوتے ہیں، چار دروازے دونوں طرف اور دو دروازے پیچھے کی طرف تاکہ فوجی اپنے ہتھیار سمیت تیزی سے اس میں سوار ہو سکیں یا اتر سکیں ۔

اسی طرح بکتربند گاڑی کے اندر سے اچھی طرح نگرانی کی جا سکتی ہے اور اندر رکھے ہوئے ہتھیاروں کا آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس بکتربند گاڑی کو پوری طرح سے ٹسٹ کرکے اور اسے متعدد محاذوں پر استعمال کرنے کے بعد ہی رفائل کمپنی کو ایسی 100 گاڑیوں کے آرڈر دیئے تھے۔ اسرائیلی فوج 2005 سے ولف کا استعمال کر رہی ہے اور اسے متعدد کاموں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

اس بکتربند گاڑی کا سیکورٹی شید اسے بارودی سرنگوں، گولیوں اور راکٹ حملوں سے محفوظ رکھتا ہے۔  حزب اللہ کے کمانڈوز نے اتوار کو اسرائیلی فوج کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا جس میں ایک فرار ہونے میں کامیاب رہا لیکن دوسری گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار  کچھ صیہونی فوجی  ہلاک اور کچھ زخمی ہوگئے۔

حزب اللہ نے اپنے ٹارگٹ کو تباہ کرنے کے لئے کورنٹ گائیڈڈ میزائل کا استعمال کیا تھا۔

 

ٹیگس