یمن میں یوم عاشورہ کے جلوس میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت
Sep ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
یمنی عوام نے بڑے پیمانے پر عاشور کے جلوسوں میں شرکت کی اور نواسہ رسول کو یاد کیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صنعا و صعدہ سمیت یمن کے مختلف شہروں کے عوام نے منگل کو یوم عاشورائے حسینی کے موقع پر سڑکوں پر نکل کر امام حسین ع اور آپ کے اصحاب با وفا کی بے مثال قربانیوں کو بھی یاد کیا اور امریکی سامراج اور جارح سعودی اتحاد کے خلاف آواز بھی بلند کی۔ یمنی عزاداروں کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ تھے جن پر امریکہ اور سعودی اتحاد کے خلاف نعرے درج تھے۔یمنی عوام نے ان جلوسوں میں سعودی و امریکی ظالموں کے مقابلے میں حضرت امام حسین ع کی راہ پرقائم رہنے کی تاکید کی اور صیہونیوں کے مقابلے میں فلسطینی عوام اور لبنانی استقامت کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ آج دس محرم چودہ سو اکتالیس ہجری قمری مطابق دس ستمبر دوہزار انیس کو دنیا کے مختلف ملکوں میں یوم عاشورہ منایا جا رہا ہے- شیعہ و سنی مسلمانوں سمیت دنیا کے مختلف مذاہب کے پیروکار ہر سال دس محرم کو نواسہ رسول ص کا غم مناتے ہیں۔