ہندوستان: روپے کی قدر میں ریکارڈ گراوٹ، ڈالر 90 روپے سے بھی مہنگا، حکومت پر کانگریس کی شدید تنقید
اطلاعات کے مطابق ہندوستانی روپے میں ریکارڈ گراوٹ درج کی گئی ہے اور ایک امریکی دالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گھٹ کر 90 روپے 14 پیسے ہوگئی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی کرنسی کی قیمت بدھ کے روز اپنی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی۔ ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ہندوستانی کرنسی کی قیمت 90 روپے 14 پیسے تک پہنچ گئی۔
گزشتہ پیر کو ایک ڈالر 89 روپے 53 پیسے کا تھا جبکہ منگل کو اس میں گراوٹ آئی اور ایک ڈالر 89 روپے 95 پیسے کا ہوگیا۔ یعنی صرف دو تین دن میں روپیہ نمایاں طور پر کمزور ہوا ہے۔
ادھر کانگریس نے مسلسل کمزور ہوتی کرنسی پر مرکز کی معاشی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال حکومت کی ناکامی کی واضح دلیل ہے۔
کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملکارجن کھڑگے نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’روپے کی کمزوری سیدھا اشارہ ہے کہ ملک کی معاشی حالت اطمینان بخش نہیں ہے۔ اگر حکومت کی پالیسیاں مضبوط ہوتیں تو روپے کی قدر اس طرح زمین بوس نہ ہوتی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کامیابیوں کے کتنے ہی دعوے کرلے، عالمی سطح پر ہندوستانی کرنسی کی ساکھ کمزور پڑتی جا رہی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی نے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’جب منموہن سنگھ کے دور میں روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ آتا تھا تو بی جے پی اسے بڑا مسئلہ بنا دیتی تھی۔ آج جب روپیہ تاریخی نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے تو حکومت کی خاموشی حیران کن ہے۔‘‘