ہندوستان: روسی صدر کے دورے کے پیش نظر دہلی ہائی سیکورٹی زون میں تبدیل
روسی صدر ولادیمیر پوتین کے دورۂ ہندوستان کے پیش نظر دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پوری دہلی کو ہائی سیکورٹی زون میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتین ہندوستان کے دو روزہ دورے پر آج دہلی پہنچ رہے ہیں اور اس دورے کے پیش نظر دارالحکومت دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ولادیمیر پویتن کو دنیا کے سب سے زیادہ تحفظ یافتہ رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اس لیے ہندوستان اور روس، دونوں ملکوں، کی ایجنسیاں مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ ان کی حفاظت میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ پوتن کا دورہ ہندوستان انتہائی خاص سمجھا جا رہا ہے۔
دہلی پولیس، مرکزی ایجنسیاں اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) ہائی الرٹ پر ہیں۔ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وی آئی پی راستوں کو آزمایا جا رہا ہے۔ دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پوری دہلی کو ہائی سیکورٹی زون میں تبدیل کر دیاگیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ولادیمیر پوتین کی حفاظت پر مامور روس کی خصوصی حفاظتی ٹیم چند دن پہلے ہی دہلی پہنچ گئی تھی۔ یہ ٹیم ہوٹل، ہوائی اڈے اور جلسہ گاہ کے ہر علاقے کا باریک بینی سے معائنہ کر رہی ہے۔ ہر کمرہ جواستعمال کیا جائے گا، جو راستہ اختیار کیا جائے گا اور داخلی اور خارجی دروازے پہلے سے طے کر لیے گئے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
روسی صدر جہاں بھی سفر کرتے ہیں، ایک موبائل کیمیکل لیب ان کے ساتھ ہوتی ہے، جو ان کے کھانے اور پانی کی جانچ کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مقامی کھانے یا پانی سے پرہیز کرتے ہیں۔ خوراک اور پانی روس سے درآمد کیا جاتا ہے اور متعدد جانچ پڑتال کے بعد ہی فراہم کیا جاتا ہے۔ پوتین اپنا پورٹیبل بیت الخلا بھی اپنے ساتھ رکھتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی ذاتی طبی معلومات مکمل طور پر محفوظ ہے۔