Dec ۰۴, ۲۰۲۵ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: عمران خان نے سیاسی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کئی ہفتوں کی خاموشی کے بعد پہلی بڑی کارروائی کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور خفیہ فیصلوں کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ بڑی کمیٹی کی جگہ ایک چھوٹی کمیٹی بنائی جائے گی اور اس کا پورا اختیار پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو دیا گیا ہے۔

پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وہ آج پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی ختم کر رہے ہیں، سلمان اکرم راجہ کو مکمل اختیار ہے کہ وہ ایک نئی چھوٹی کمیٹی بنائیں، سیاسی حکمتِ عملی تیار کریں اور اسے نافذ کریں۔

عمران خان

 

پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایکس پیغام میں مزید لکھا کہ "مجھے اور میری اہلیہ کو عاصم منیر کے حکم پر جھوٹے مقدمات میں جیل میں رکھا گیا ہے اور شدید ترین ذہنی ٹارچر کیا۔"

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

عمران خان نے شاہد خٹک کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پی ٹی آئی کے بانی کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں جو اُن کے مخالفین سے میل جول رکھ رہے ہوں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے تصدیق کی کہ تقریباً 40 اراکین پر مشتمل سیاسی کمیٹی کی جگہ کم اراکین پر مشتمل ایک نئی کمیٹی آنے والی ہے۔

ادھر پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کی تجویز کئی بار کمیٹی اراکین کی جانب سے پیش کی جاچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تحلیل کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کمیٹی کے فیصلے لیک ہوجاتے تھے۔

 

ٹیگس