چہلم شہدائے کربلا میں سو ملکوں کے باشندوں کی شرکت
اس سال اربعین حسینی میں دنیا کے سو ملکوں کے باشندے شرکت کریں گے جن میں غیر مسلم بھی شامل ہوں گے۔
عراق موکب انتظامیہ کے رکن سید حمید الحسینی نے ایران ٹیلی ویژن چینل دو کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اربعین حسینی میں شرکت کرنے والے سب ہی لوگ تقریبا ایک ہزار کلومیٹر کا راستہ طے کرکے کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اربعین کی سب سے بڑی مشی ایرانی زائرین انجام دیتے ہیں جو نجف اشرف سے شروع ہوکر کربلائے معلی پہنچ کر ختم ہوتی ہے۔
سید حمید الحسینی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اربعین کی مشی نے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے کی سازشوں کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال بیس سے زیادہ عراقی اہلسنت بھائیوں کے موکب مشی کے دوران زائرین کو خدمات فراہم کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہر سال بیس صفر کو سید الشھدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جاتا ہے جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے کروڑوں زائرین عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔