شہر راس العین میں امریکی فوجی چھاؤنی کے سامنے مظاہرہ
ہزاروں شامیوں نے ترکی سے ملحقہ شامی سرحد کے قریب واقع شہر راس العین میں امریکی فوجی چھاؤنی کے سامنے مظاہرہ کیا ہے۔
شام کے ہزاروں شہریوں نے ترکی کے صدر کی جانب سے مشرقی فرات آپریشن شروع کئے جانے کی دھمکیوں کے بعد شہر راس العین میں تل ارقم کے قریب امریکی فوجی چھاؤنی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ترکی کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے انتیسویں مشاورتی اجلاس سے خطاب میں امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شمالی شام میں محفوظ علاقہ قائم کرنے کے منصوبے کے بارے میں بات کرنے کا وقت گذر چکا ہے اور ترکی، مشرقی فرات کو دہشتگرد عناصر سے پاک کرنے کے لئے اقدام کرے گا۔
مشرقی فرات کے ساحلوں پر جلد ہی فوجی آپریشن شروع کرنے کے بارے میں ترک صدر کی دھمکیوں کے بعد اس ملک کی فوج نے سنیچر کو شام سے ملحقہ ترکی کی سرحدوں پر نئے فوجی ساز و سامان تعینات کردیئے ہیں۔