ترکی کا شام کی کرد ڈیموکریٹک فورس کے کمانڈر کو انقرہ کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ
ترکی نے امریکہ سے شام کی کرد ڈیموکریٹک فورس کے کمانڈر کو انقرہ کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوغان نے ٹی آر ٹی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ کرد ڈیموکریٹک فورس کے کمانڈر مظلوم عبدی کو جو انٹرپول کو مطلوب ہے ، ترکی کے حوالے کرے۔
امریکی سینٹروں کے ایک گروہ نے ابھی حال ہی میں امریکی وزیرخارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم عبدی کو جلد سے جلد ویزا جاری کرے تاکہ وہ امریکہ آسکے۔
کرد ڈیموکریٹک فورس کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔
چشمہ امن کے نام سے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور شام و ترکی سے دہشتگردوں کا صفایا کرنے کے بہانے شمالی شام پر ترک فوج کی جارحیت جو نو اکتوبر سے جاری تھی ماسکو اور انقرہ کے درمیان سمجھوتے کے بعد عارضی طور پر رک گئی ہے لیکن ترکی کی فوج شمالی شام میں بدستور موجود ہے۔ ترکی ، کردملیشیا کو دہشتگرد کہتا ہے۔