طالبان کا حملہ 5 افغان فوجی اہلکارہلاک 8 یرغمال
افغان طالبان حملے کے بعد 8 افغان فوجیوں کو قیدی بناکر لے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان نے فوجی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ طالبان اورسکیورٹی اہلکاروں کے درمیان گھمسان کی جھڑپ میں افغان فوج کے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
طالبان کامیاب کارروائی کے بعد 8 افغان فوجی اہلکاروں کو قیدی بنا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔
افغان وزارت دفاع نے طالبان کے حملے میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں طالبان جنگجو بھی مارے گئے ہیں۔ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قندوز کے کئی علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہے جسے واگزار کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی آئی ہے۔