Nov ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • عالم اسلام میں فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری کا سوگ

آج عراق ، ایران ، ہندوستان اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت اور ایام عزا کے آخری دن کی مناسبت سے مجالس عزا اور چپ تعزیئے نیز عماریوں کے جلوس برآمد کئے گئے۔

عراق سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت کے خصوصی پروگرام میں شرکت کے لیے عراق اور دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین سامرا پہنچے ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق سامرا میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے روضے میں اور اطراف کے علاقوں میں ہزاروں عقیدت مند ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مشغول ہیں جبکہ علماء کرام اور ذاکرین آپ کے یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجالس سے خطاب کرتے ہوئے امام حسن عسکری ع کی زندگی کے مختلف پہلؤوں پر روشنی ڈال رہے ہیں.

۔واضح رہے کہ فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری کے یوم شہادت کے موقع پر عراق کے مختلف شہروں سے اہلبیت اطہار سے عقیدت رکھنے والے زائرین انفرادی طور پر اور ماتمی دستوں کی شکل میں سامرا پہنچتے ہیں ۔اس موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے غیر معمول انتظامات کیے گئے ہیں اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے دستے جگہ جگہ تعینات کردیئے گئے ہیں ۔

فرزند رسول امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت پر اسلامی جمہوریہ ایران بھی سوگوار و عزادار ہے - ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا اور نوحہ ماتم کا سلسلہ جاری ہے -

حضرت امام حسن عسکری ع کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کے سب سے بڑے جلوس اور مجالس عزا مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے روضہ مبارک میں برپا ہیں جس میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر اشک غم بہا رہے ہیں اور امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کو آپ کے پدربزرگوار کا پرسہ دے رہے ہیں.

۔آج ہندوستان اور پاکستان میں بھی فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری کی شہادت کا سوگ منایا جا رہا ہے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ایک طرف امام حسن عسکری ع کے سوگ میں مجالس عزا برپا ہیں جس میں علماء و ذاکرین فضائل و مصائب اہلبیت بیان کر رہے ہیں تو دوسری جانب ایام عزا کے آخری دن کی مناسبت سے ماتمی دستے اور عماریوں کے جلوس بھی برآمد کئے جارہے ہیں ۔

اس موقع پر ہندوستان اور پاکستان کے بعض شہروں میں کربلا کے لٹے ہوئے قافلے کی یاد منائی جارہی ہے اور اسیران کربلا کی شام سے روانگی اور مدینہ منورہ پہنچنے نیز کوفہ و شام میں اہلبیت رسول پر ڈھائے جانے والے مظالم کا تذکرہ کیا جا رہا ہے ۔

واضح رہے کہ بدھ آٹھ ربیع الاول کو فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔

آپ کوگیارہ سواکیاسی برس قبل عراق کے شہر سامراء میں ظالم عباسی حکمراں کے ہاتھوں زہر دغا سے شہید کردیا گیا تھا۔

 

ٹیگس