سوڈان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 70 ہلاک 8 لاکھ افراد بے گھر
افریقی اسلامی ملک سوڈان میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 70 ہوگئی ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں جاری بارش کے سلسلے نے نظام زندگی کو معطل کر کے رکھ دیا ہے، سب سے زیادہ متاثر ہونے والے جنوب مشرقی صوبے بوما میں شدید بارشوں کے باعث ڈیم ٹوٹ گیا اور پانی سیلابی ریلے کی صورت مقامی آبادی میں داخل ہوگیا۔
سیلابی ریلے نے اپنے سامنے آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر دیا، ڈپٹی گورنر جان ابولا نے میڈیا کو بتایا کہ بارشوں اور سیلابی ریلے کی زد میں آکر 70 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ 29 افراد زخمی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
صدر سالوا قیر مایاردت نے گزشتہ ماہ آفت زدہ علاقوں میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا اور اکتوبر کے مہینے سے تاحال جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث ملک کا ایک بڑا رقبہ زیر آب ہے جہاں 8 لاکھ افراد قحط اور بیماریوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔