عراقی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کا استعفی منظور کرلیا
عراق کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا استعفی قبول کرلیا ہے۔
سومریہ نیوز کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے استعفے کے معاملے پر غور کیا گیا ۔ بعدازاں عراقی پارلیمنٹ نے وزیراعظم کے استعفے کی منظوری دی اور صدر برہم صالح سے درخواست کی کہ وہ نئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے کسی دوسرے شخص کے نام کا اعلان کریں۔
عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے آئین کے مطابق ہفتے کے روز پارلیمنٹ کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا۔
اس سے پہلے جمعے کے روز انہوں نے اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے پارلیمنٹ سے اپیل کی تھی کہ وہ نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔
عراقی اسپیکر محمد الحلبوسی کے اعلان کے مطابق آئین کی رو سے صدر برھم صالح کے پاس نئے وزیراعظم کی تقرری کے لیے ایک ماہ کا وقت ہے۔
آئین کے تحت نئے وزیراعظم کے تقرر تک عادل عبدالمہدی اور ان کی کابینہ کے ارکان حکومت کے لازمی امور چلانے کے ذمہ دار ہوں گے۔