Dec ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • فلسطینی انتظامیہ کی  امریکہ اور صیہونی حکومت کو تعاون روکنے کی دھمکی

فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ نے ایک بار پھر امریکہ اور صیہونی حکومت کو ان کے ساتھ تعاون روک دینے کی دھمکی دی ہے۔

محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے کہا کہ اگر فلسطینیوں کے خلاف غاصبانہ اقدامات اور یہودی کالونیوں کی توسیع کے لئے ان کی زمینوں کو ہڑپنے کا سلسلہ جاری رہے گا تو اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ معاہدوں پر عمل درآمد روک دیا جائے گا۔ محمود عباس نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو غرب اردن کے کچھ علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرلینا چاہتے ہیں اگرانھوں نے اس طرح کے فیصلوں کو عملی جامہ پہنایا تو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تحریری معاہدوں کے تناظر میں تمام روابط منسوخ سمجھے جائیں گے اور فلسطینی انتظامیہ اسی وقت سے خود کو اس طرح کے لمحات کے لئے تیار کئے ہوئے ہے۔
صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے ابھی حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اگر انتخابات میں انھیں کامیابی ملی اور انھوں نے حکومت تشکیل دی تو غرب اردن کی یہودی کالونیوں اور اس علاقے کے بڑے حصے کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کر لیں گے۔
صیہونی پارلیمنٹ کے رکن ایلیٹ شاکیڈ نے بھی کہا ہے کہ غرب اردن کے بعض علاقوں کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کی زمین ہموار ہوچکی ہے اور امریکہ بھی اس پر راضی ہے۔

ٹیگس