Dec ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • سامرہ میں دوسرا کار بم دھماکا حشدالشعبی کے چار جوان شہید کئی زخمی

عراقی دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع شہر سامرا میں جمعرات کی شب ، دوسری بار پیش آنے والے دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا۔

ہمارے نمائندے نے عراقی پولیس کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جمعرات کی شب شہر سامرا کے جنوبی علاقے میں ہونے والے کار بم دھماکے میں چار افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے،۔یہ دہشتگردانہ حملہ عراقی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک مرکز کے قریب کیا گیا ہے اور اس میں شہید ہونے والے تمام افراد کا تعلق عوامی رضاکار فورس سے ہے۔

اس سے کچھ دیر پہلے بھی سامراء  میں ایک کار بم دھماکہ ہوا تھا جس میں عوامی رضاکار فورس کے ذی قار بٹالین سے وابستہ سات افراد شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے صوبہ نینوا اور دیالہ میں داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ 

حشدالشعبی کی چوالیسویں بٹالین کے کمانڈر حمید الیاسری نے جنوبی موصل میں حالیہ دس دنوں کے دوران داعش کے تیسرے دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔ الیاسری نے کہا کہ داعش صوبہ نینوا کے جنوب میں واقع الحضر جزیرے میں نئے گروہ  تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ دیالہ کی گورننگ کونسل کی سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ صادق الحسینی نے کہا ہے کہ حشدالشعبی نے دیالی میں اپنے کمانڈ ہیڈ کوارٹر کو المطیبیجہ سے حمرین منتقل کرنے کی داعش کی  کوششوں کو ناکام بنا دیا۔انھوں نے اس صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں سے ایک بڑا خطرہ دور رکھنے کے لئے الحشدالشعبی کی موجودگی کو ضروری قرار دیا۔

عراقی وزارت دا‏خلہ کے سیکورٹی انفارمیشن کے شعبے نے بھی صوبہ الانبار اور صوبہ صلاح الدین سے تین دہشتگردوں کی گرفتاری کی خبر دی تھی۔ عراق کے مختلف حکام نے گذشتہ ہفتوں کے دوران با رہا اس ملک میں داعش کے دوبارہ سر اٹھانے کے بارے میں انتباہ دیا تھا۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی چوالیسیوں بٹالین کے کمانڈر حمید الیاسری نے جمعرات کو کہا تھا کہ  سرحدوں پر تعینات الحشدالشعبی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش دہشتگرد  کھلے عام شام سے عراق میں داخل ہورہے ہیں۔

الحشدالشعبی کے اس کمانڈر نے کہا کہ موجودہ اطلاعات کے مطابق ابھی حال ہی میں ایک سو پچاس دہشتگرد شام سے عراق میں داخل ہوکر سنجارکی جانب گئے ہیں۔

شامی ذرائع نے بھی بدھ کو رپورٹ دی تھی کہ موجودہ اطلاعات کے مطابق امریکی فوجیوں نے داعش کے تین سو غیرملکی بیوی بچوں کو جنوب مشرقی حسکہ کے مضافات میں واقع الھول کیمپ سے عراق پہنچایا ہے۔ حسکہ شمال مشرقی شام میں واقع ہے۔

ٹیگس