بیروت میں لبنانی مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان تصادم
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں
ارنا نے خبردی ہے کہ بیروت کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں خاص طور پر شہر کے وسط میں المعرض شاہراہ پرمظاہرہ کرنے والے اور دھرنے پر بیٹھے مظاہرین نے سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں -
لبنانی مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اور کوڑے کے ڈبوں نیز ٹائر جلا کر کئی سڑکوں کو بند کردیا - اس دوران بلوا پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں نے سڑکوں اور شاہراہوں کو کھولنے اور ساتھ ہی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن اور آنسوگیس کا استعمال کیا -
لبنان کی شہری دفاع کی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں ساٹھ افراد زخمی ہوگئے -
لبنان کے وزیرداخلہ نے اپنے ایک بیان میں عوام کے پرامن مظاہروں کو پرتشدد بنانے کے لئے سماج دشمن عناصر کی ان صفوں میں دراندازی کی بابت خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ بعض عناصر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے عوام کے پرامن مظاہروں سے غلط فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان لڑائی چھڑ جائے ۔