Dec ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • جلد سے جلد کابینہ تشکیل دیں گے، نئے لبنانی وزیراعظم کا بیان

لبنان کے نئے وزیراعظم حسان دیاب نے کہا ہے کہ وہ جلد سے جلد نئی کابینہ تشکیل دے دیں گے-

لبنان کے نئے وزیراعظم حسان دیاب نے جنھیں نئی کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ جتنی جلد ہوسکے گا وہ نئی کابینہ تشکیل دے دیں گے کہا کہ عوام کی خواہشات کے مطابق ماہر ، غیر جانبدار اور باصلاحیت افراد کو کابینہ میں جگہ دی جائے گی - انہوں نے بیروت میں اپنے ایک بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ پوری غیرجانبداری کے ساتھ اور ساتھ ہی سبھی لبنانی جماعتوں کی حمایت سے جلد سے جلد کابینہ تشکیل دے دیں گے کہا کہ وہ ایک چھوٹی کابینہ تشکیل دیں گے جس میں بیس وزرا شامل ہوں گے -

حسان دیاب نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ سبھی سیاسی جماعتیں قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں - ان کا کہنا تھا کہ لبنان کی موجودہ مشکلات کو حل کرنے کے لئے سبھی جماعتوں کے تعاون سے کوشش کریں گے -

نئے لبنانی وزیرا‏عظم نے کہا کہ کسی بھی پارٹی یا جماعت کی جانب سے کابینہ کی تشکیل میں کوئی پیشگی شرط قبول نہیں کریں گے -

لبنان میں گذشتہ سترہ اکتوبر سے اقتصادی بحران کے خلاف عوام مظاہرے کررہے تھے اور انتیس اکتوبر کو وزیراعظم سعد الحریری نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا -

سعد حریری کے استعفے کے  بعد لبنان کے صدر میشل عون نے حسان دیاب  کو نئی کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے -

 

ٹیگس