حضرت عیسی (ع) کی ولادت اورکرسمس کے موقع پر ایران و پاکستان کے اعلی حکام اور پوپ کا پیغام
حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت اورکرسمس کے موقع پراسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر اور وزیر خارجہ اور اسی طرح پاکستان کے وزیراعظم اور پوپ فرانسس نے تہنیتی پیغامات دیئے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے دیگر ممالک کے اسپیکروں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت اور نئے عیسوی سال کی آمد پر مبارکباد دی۔
علی لاریجانی نے اپنے پیغامات میں مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا میں امن و انصاف کے قیام اور ترقی، جو حضرت عیسی علیہ السلام کے مقاصد میں سے تھے، کو الہامی ادیان کے درمیان تعمیری تعاون اور باہمی مکالمے کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
علی لاریجانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ بھی انسانی اقدار کے فروغ اور امن کی فراہمی سے متعلق دیگر پارلیمنٹوں سے تعمیری تعاون کیلئے تیار ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی عیسائی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے اپنے ہم وطنوں اورپورے دنیا میں رہنے والے عیسائی برادری کیلئے خوشگوار کرسمس کا خواہشمند ہوں اورآج حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت نے جشن منانے کا ایک حیرت انگیز موقع فراہم کیا ہے۔
عیسائی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ دنیا میں جو بھی مسائل ہیں انھیں بہانے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ویٹی کن میں کرسمس سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنے سے پہلے دوسروں سے احترام نہ چاہیں، ہمسائے سے اچھے برتاؤ کے لیے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں۔
پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے بھی کرسمس پر پیغام میں عیسائی برادری کومبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ حکومت قومی ترقی کے لئے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے، حضرت عیسیؑ کا پیغام انسانیت سے محبت، امن، برداشت اور شفقت پر مبنی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرسمس تہوار پر عیسائی برادری کو مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ دنیا بھرمیں عیسائی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منارہی ہے۔ مسیحی آبادیوں میں بھرپور گہما گہمی ہے جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا انعقاد ہورہا ہے۔
حضرت عیسی علیہ السلام دو ہزار انیس سال قبل آج ہی کی تاریخ میں مقبوضہ فلسطین کے شہر بیت لحم میں پیدا ہوئے تھے- اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو ٹیلی ویژن کا ادارہ پوری دنیا کے عیسائیوں بالخصوص ایران کے عیسائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔