Jan ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  •   بغداد میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تشییع جنازہ

استقامتی محاذ کے سپہ سالار شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکارفورس کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابو مہدی المہندس کے جنازوں کی کاظمین اور بغداد میں تشییع کی گئی جس میں دسیوں ہزار سوگواروں اور عراق کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اعلی سول و فوجی عہدیداروں نے شرکت کی

کاظمین اور بغداد سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ دسیوں ہزار عراقی شہریوں اور اعلی سول اور فوجی عہدیداروں نے شہیدوں کےجلوس جنازہ میں شرکت کی - جلوس جنازہ میں شریک سوگواروں نے استقامتی محاذ کے کمانڈروں کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کی اور عراق سے دہشت گرد امریکی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا - جلوس جنازہ میں موجود دسیوں ہزار سوگوار اپنےہاتھوں میں استقامتی گروہوں اور عراق و ایران کے قومی پرچم نیز ان عظیم شہدا کی تصویریں اٹھائے ہوئے تھے - اس موقع پر جہاں انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے وہیں ان شہدا کے عاشقوں نے امریکا، اسرائیل اور علاقے کی بعض رجعت پسند عرب حکومتوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے - کاظمین اور بغداد کی فضا امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ کے نعروں سے گونجتی رہی - جلوس جنازہ میں شریک سوگواروں نے انتہائی مستحکم لہجےمیں کہا کہ استقامتی محاذ کا مشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہےگا اور امریکا کے اس دہشت گردانہ اقدام کا ہر حال میں جواب دیا جائےگا ۔ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کے جنازے بغداد سے کربلائے معلی منتقل ہوں گے اور کربلا میں بھی ان کے جنازوں کی تشییع کی جائے گی بعد ازاں غروب کے وقت نجف اشرف میں بھی ان شہدا کے جنازوں کی تشییع کی جائے گی - اس درمیان سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کے جنازے کو ایران منتقل کئے جانے کے بعد اتوار کی صبح مشہد میں تشییع کی جائے گی - پیرکی صبح تہران میں ان شہدا کے جنازوں کی تشییع ہوگی جبکہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے کو منگل کرمان میں ان کے آبائی وطن منتقل کیا جائے گا جہاں تشییع کے بعد تدفین عمل میں آئے گی -

ٹیگس