Jan ۰۸, ۲۰۲۰ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • عراق، امریکہ کے لئے دوسرا ویتنام بنا دیا جائے گا: مقتدی صدر

عراق کے صدر گروہ کے سربراہ مقتدی صدر نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عراق کو امریکی فوجیوں کے لئے دوسرا ویتنام بنا دیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عراقی پارلیمنٹ میں امریکی فوجیوں کو ملک سے باہر نکالنے کا بل منظور ہونے کے بعد عراق پر سنگین پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ 
عراق کے صدر گروہ کے سربراہ مقتدی صدر نے منگل کو ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ" کیا ویتنام کو بھول گئے ہو یا کوئی دوسری دلدل چاہتے ہو اور ایسی فوج سے روبرو ہونا چاہتے ہو جو جنوبی عراق کے بصرے سے شروع ہو کر شمالی عراق کے دھوک تک پھیلی ہوئی ہو؟"
عراق کے صدر گروہ کے سربراہ نے امریکی صدر کو جواخانے کی اولاد کہہ کر مخاطب کرکے لکھا کہ  تم ایک قوم کو بھوکا مارنے کی دھمکی دے رہے ہو اور سمجھ رہے ہو کہ سعودی عرب اور خلیج فارس میں تمہارے دیگر اتحادی ممالک کی دولت یا تمھارے اسلحوں کے گودام تمہارے کام آئیں گے؟ تو جان لو کہ تمھارا گھر مکڑی کے جال سے زیادہ اور تمھارے اسلحے مچھر کے ڈنک سے زیادہ کمزور ہیں۔
مقتدی صدر نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ اگر تم امن و صلح چاہتے ہو تو جان لو کہ عراق کے عوام مکتب امن کے پروردہ ہیں اور اگر جنگ چاہتے ہو تو یہ قوم بھی ہمیشہ مرد میدان رہی ہے اور ماضی میں یہ بخوبی ثابت کر چکی ہے۔ 

ٹیگس