Jan ۱۱, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
  • عمان کے بادشاہ سلطان قابوس انتقال کر گئے

عمان کے بادشاہ سلطان قابوس اناسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ارنا نیوز کے مطابق عمان کے دیوان سلطنت نے اعلان کیا ہے کہ سلطان قابوس ایک طویل علالت کے بعد جمعے کی رات دنیا سے رخصت ہو گئے.

سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ملکی پرچم چالیس روز تک مرحوم بادشاہ کے احترام میں سرنگوں رہے گا۔

سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہیں ہے اور انہوں نے علی الاعلان اپنے کسی جانشین کا انتخاب نہیں کیا ہے تاہم خبر ہے کہ کچھ عرصے قبل خفیہ طور پر انہوں نے سلطنتی کونسل کے نام ایک مراسلہ تحریر کر کے اپنے جانشین کو معین کیا تھا۔

عمان کے آئین کے مطابق بادشاہ کے انتقال کے بعد سلطنتی کونسل کو تین روز کے اندر نئے شخص کو بادشاہ کے طور پر انتخاب کرنا ہوتا ہے۔

سلطان قابوس نے تیئیس جولائی انیس سو ستر کو اپنے والد کے انتقال کے بعد ملک کی بادشاہت کا عہدہ سنبھالا۔آخری چند برسوں میں عمان نے دنیا اور بالخصوص خطے میں اختلافات کو حل کرنے کے لئے بارہا ایک ثالث ملک کا کردار ادا کیا ہے۔

 

ٹیگس