Jan ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۰ Asia/Tehran
  • بغداد، مظاہرین کے درمیان سے پھر سیکورٹی اہلکاروں پر ہوئی فائرنگ

بغداد آپریشنل کمانڈ نے بغداد کے تحریر اسکوائر پر مظاہرے میں بیٹھے مظاہرین کی طرف سے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعات کی اطلاع دی ہے۔

العراقیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق بغداد آپریشنل کمانڈ نے تاکید کی کہ تحریر اسکوائر پر مظاہروں میں شامل کچھ افراد مسلح ہیں جو سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر رہے ہیں۔

بغداد آپریشنل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ مظاہرین کے درمیان کچھ ایسے افراد ہیں جن کے پاس سائلنسر ہتھیار ہیں اور وہ سیکورٹی پر تعینات اہلکاروں پر فائرنگ کر رہے ہیں جن میں اب تک متعدد سیکورٹی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔

بغداد آپریشنل کمانڈ نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مظاہروں میں شامل مسلح افراد کی شناخت کرنے اور ان کی گرفتاری میں سیکورٹی اہلکاروں کی مدد کریں۔

بغداد آپریشنل کمانڈ کے بیان میں آیا ہے کہ سیکورٹی اہلکار مظاہرین کی حفاظت کے لئے تحریر اسکوائر کے نزدیک تعینات ہیں اور ان پر مسلسل دوسرے دن نا معلوم مسلح افراد کی جانب سے حملے کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب عراقی میڈیا نے مشرقی بغداد کے الرصافہ علاقے میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع دی ہے۔

عراق سے ایک اور خبر یہ ہے کہ عراقی وزیر ا‏عظم نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کی جانب راکٹ فائر کئے جانے کے واقعات کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ٹیگس