Jan ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل کے خلاف عالم اسلام ، بالخصوص فلسطین سراپا احتجاج

غزہ، غرب اردن، بیت المقدس اور مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینی عوام نے جمعے کے دن ناپاک سینچری ڈیل منصوبے کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے ۔ اسی کے ساتھ یمن کے دارالحکومت صنعا اور صعدہ میں بھی یمنی عوام نے مظاہرہ کرکے سینچری ڈیل کی مخالفت اور فلسطینی عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا -

غرب اردن کے مختلف شہروں، بیت المقدس اور غزہ میں دسیوں ہزار فلسطینیوں نے سڑکوں پر نکل کر شرمناک سینچری ڈیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا -

غزہ میں سینچری ڈیل کے خلاف عوامی ریلی سے مختلف فلسطینی رہنماؤں نے خطاب کیا اور اس عزم کا اعلان کیا کہ سینچری ڈیل ناپاک منصوبے کو ہرگز نافذ نہیں ہونے دیں گے -

فلسطین سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد غرب اردن اور غزہ میں دسیوں ہزار فلسطینیوں نے سینچری ڈیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے -

اس درمیان صیہونی فوجیوں نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے -

اس سے پہلے فلسطینی گروہوں نے سبھی فلسطینی شہریوں سے کہا تھا کہ وہ غزہ اور غرب اردن میں اپنے اپنے شہروں میں نکل کر سینچری ڈیل کی بھرپور مخالفت کا ا علان کریں۔

دوسری جانب لبنان میں فلسطینی علما کی کونسل نے غرب اردن اور غزہ کے فلسطینیوں سے کہا ہے کہ وہ سینچری ڈیل کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے تیسری تحریک انتفاضہ شروع کردیں -

لبنان میں فلسطین کے علما کی کونسل نے اپنے ہنگامی اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین اور اس کا دارالحکومت بیت المقدس فلسطینیوں اور مسلمانوں کا ہے اس کو نہ تو تقسیم کیا جاسکتا ہے، نہ اس کو خریدا یا بیچا سکتا ہے اور نہ ہی اس پر غاصبانہ قبضے کو تسلیم کیا جاسکتا ہے - فلسطینی علما کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر یا کوئی بھی دوسرا شخص مجاہد فلسطینیوں کے حق کو جنھوں نے گذشتہ ایک صدی کے دوران ہزاروں شہدا کے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے پامال نہیں کرسکتا -

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے وطن واپس لوٹنے کا پورا حق ہے اور فلسطین کو آزاد کرانا سبھی عربوں اور مسلمانوں کا فریضہ ہے -

دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا میں ہزاروں افراد نے ایک بہت بڑے مظاہرے میں شرکت کرکے فلسطین کے خلاف سینچری ڈیل منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کی -

تقریبا سبھی عرب چینلوں نے صنعا میں سینچری ڈیل کے خلاف ہونے والے بڑے مظاہرے کو براہ راست دکھایا - المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ دسیوں ہزار یمنی شہریوں نے صنعا کی اہم سڑکوں پر نکل کر سینچری ڈیل کے خلاف مظاہرہ کیا - مظاہرین نے سینچری ڈیل کو ایک انتہائی شرمناک منصوبہ قراردیتے ہوئے اسے مسترد کردیا -

مظاہرے میں شریک یمنی شہریوں نے جن میں بڑے ، بوڑھے خواتین و بچے سبھی شامل تھے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اٹھا کر فلسطین کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی سازشوں کی مذمت کی -

اردن کے دارالحکومت امان میں بھی اردنی شہریوں نے فلسطینیوں کی حمایت اور سینچری ڈیل کی مخالفت میں بہت بڑی ریلی نکالی -

اردن کے شہریوں نے امان میں امریکی سفارتخانے کے باہر اجتماع کرکے سینچری ڈیل کو شرمناک منصوبہ قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مخالفت کی ۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو صیہونی حکومت کے وزیرا‏عظم نیتن یاہو کی موجودگی میں نسل پرستانہ سینچری ڈیل منصوبے کی رونمائی کی-

بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنا ، غرب اردن کی تیس فیصد زمینیں اسرائیل کے حوالے کرنا ، پناہ گزیں فلسطینیوں کی وطن واپسی کی مخالفت اور فلسطینیوں کو پوری طرح غیرمسلح کرنا اس شرمناک منصوبے کی اہم ترین شقیں ہیں۔

ٹیگس