امت مسلمہ کے دو بڑے دشمنوں کی ملاقات کرانے کی کوششیں تیز
اسرائیل کے ایک اخبار نے مصر کے دار الحکومت قاہرہ میں سعودی ولیعہد بن سلمان اور صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے درمیان ملاقات کی کوششیں تیز ہونے کی اطلاع دی ہے۔
باخبر ذرائع نے صیہونی اخبار یسرائیل ہوم کو بتایا کہ واشنگٹن، تل ابیب، قاہرہ اور ریاض کے درمیان بہت زیادہ رابطے ہو رہے ہیں تاکہ مصر کے دار الحکومت قاہرہ میں سعودی ولیعہد بن سلمان اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے درمیان ملاقات کا زمینہ فراہم کیا جا سکے۔
العربی الجدید اخبار نے یسرائیلی ہوم کے حوالے سے لکھا کہ امریکا کے وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم نے نتن یاہو سے بن سلمان کی ملاقات کرانے کے لئے کچھ مہینوں سے اپنے رابطے شروع کئے ہیں اور یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ ملاقات اگلے کچھ ہفتے کے دوران اور اسرائیل میں پارلیمنٹ کے کے انتخابات سے پہلے انجام پائے۔
اخبار لکھتا ہے کہ بنیامن سے بن سلمان کی ملاقات میں امریکا، مصر، متحدہ عرب امارات، سوڈان اور بحرین کے اعلی عہدیدار بھی شریک ہوں گے۔
اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات دو مارچ 2020 میں منعقد ہوں گے۔
اس سے پہلے کچھ عرب ذرائع ابلاغ نے صیہونی حکومت کی شرکت سے بحیرہ احمر کے علاقے میں اتحاد کی تشکیل کی خبر دی تھی۔